(نیوز لینز پاکستان) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت سے مذاکرات کا امکان ختم ہوگیا، مذاکرات کے لیے تمام تر کوشش کی لیکن اب مودی حکومت سے بات چیت کے امکان نہ ہونے کے برابرہیں، دونوں جوہری ہمسایہ ممالک کے مابین جنگ کےخطرات بڑھ رہے ہیں۔
عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے اور وادی میں انسانی حقوق کوبری طرح پامال کرنے پر بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کی امن افواج اور مبصرین مقبوضہ کشمیربھیجے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ہوئے ہیں، کچھ بھی ہو سکتا ہے، کشیدگی بڑھ رہی ہے، دنیا کو اس صورتحال سے خبردار رہنا چاہیے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 80 لاکھ کشمیریوں کی جانیں خطرے میں ہیں، خدشہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ہونے والی ہے، نئی دلی حکومت نازی جرمنی جیسی ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتہائی تباہ کن صورتحال کے خدشے سے آگاہ کر دیا۔