لندن: پاکستانی طالبعلم حسام نعیم، جو لاہور سے تعلق رکھتے ہیں، نے مسلسل دوسری مرتبہ کوئین میری یونیورسٹی آف لندن اسٹوڈنٹ یونین کے نائب صدر کا انتخاب جیت لیا۔ حسام نے اس الیکشن میں بھارتی امیدوار زید کے خلاف کامیابی حاصل کی، جنہوں نے پہلے مرحلے میں 1009 ووٹ حاصل کیے جبکہ حسام نعیم نے 1228 ووٹ لے کر برتری قائم رکھی۔ پانچویں راؤنڈ تک پہنچتے ہوئے حسام کے ووٹوں کی تعداد بڑھ کر 1259 ہو گئی اور انہوں نے فتح حاصل کی۔
کوئین میری اسٹوڈنٹ یونین 33 ہزار طلبہ کی نمائندگی کرتی ہے اور ان کے تعلیمی، سماجی اور فلاحی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
حسام نعیم نے اپنی گزشتہ مدت کے دوران کئی شاندار منصوبوں پر کام کیا جن میں بین الاقوامی طلبہ کے لیے 2.2 ملین پاؤنڈ (تقریباً 84 کروڑ روپے) کے اسکالرشپس کا حصول شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے رَسل گروپ کی دیگر یونیورسٹیوں کی اسٹوڈنٹ یونینز کے ساتھ مل کر ایک بین الاقوامی طلبہ سروے پر کام کیا تاکہ برطانوی حکومت پر پالیسی میں بہتری کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔
حسام نعیم کی دوبارہ کامیابی کو ان کی مؤثر قیادت، انتھک محنت اور طلبہ میں مقبولیت کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی کامیابی پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی باعث فخر ہے، جو برطانیہ میں پاکستانی طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہیں