(نیوز لینز پاکستان) وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کا شیڈول طے پا گیا، ان کی دورہ امریکا کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو ملاقاتیں ہونگی، اس سے قبل وزیر اعظم سعودی عرب بھی جائینگے۔
جمعرات کو عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، پارٹی رہنماؤں اور ارکان پارلیمان شریک ہوئے، اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ امریکا سے متعلق حتمی مشاورت کی گئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنیوا کے کامیاب دورے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں مصروفیات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کی ٹرمپ سے ایک ملاقات ظہرانے پر جبکہ دوسری ہائی ٹی پر ہوگی، وزیراعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان 21 ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے، جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم اہم ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
اس سے قبل شاہ محمود کی ملک واپسی پر ایئرپورٹ لاؤنج پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا۔ مسافروں نے دیر تک وزیر خارجہ کو روکے رکھا اورسیلفیاں بھی بنوائیں۔ ادھر حکومتی ذرائع کے مطابق عمران خان امریکا روانگی سے قبل ریاض کا دورہ کر سکتے ہیں، جہاں وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔